اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف (فیٹف) نے پاکستان کی کاوشوں کی پہلے بھی تعریف کی تھی اور اب بھی کی ہے، جو ٹارگٹ فیٹف کی طرف سے پاکستان کو دیئے گئے تھے انہیں پورا کر لیا گیا ہے، نواز شریف بزدل آدمی ہیں، بیماری کا جھوٹا بہانہ بنا کر بیرون ملک فرار ہوگئے تھے، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے ۔
جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ٹیکس لگانے سے قبل اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ اس سے عام آدمی متاثر نہ ہوے، جتنا بھی ٹیکس اکٹھا ہوتا ہے اس سے ملک چلتا ہے، ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کہیں نہ کہیں ٹیکس تو لگانا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں موبائل ڈیٹا کا کافی زیادہ استعمال ہے، حکومت چاہتی ہے کہ نوجوان اور بچے انٹرنیٹ استعمال کرکے سیکھیں، بجٹ میں موبائل ڈیٹا پر ٹیکس لگانے کی تجویز تھی جس سے حکومت کو 35 ارب کی آمدن ہونی تھی لیکن اس ٹیکس سے عام آدمی متاثر ہوسکتا تھا اس لئے یہ ٹیکس نہیں لگایاگیا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف تین دفعہ ملک کے وزیراعظم رہے ، انہوں نے چوری کرکے پیسہ بنایا اور پھر اس پیسے سے اپارٹمنٹ خریدے، اس حوالے سے دو سال تک کیس چلا لیکن نوازشریف ایک رسید بھی نہ دے سکے، جس پر عدالت نے انہیں سزا سنائی۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف بزدل آدمی ہیں جیل میں کچھ دیر سزا کاٹ کر بیماری کا بہانہ بنا یا اور اخلاقیات کی تمام حدیں عبور کرتے ہوئے علاج کے بہانے سے بیرون ملک چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوازشریف سے کوئی ڈیل نہیں کی تھی اور نہ ہی کوئی پیسہ لیا تھا، صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو واپس لانے کیلئے بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق کام ہو رہا ہے، اس حوالے سے جیسے ہی کوئی پیشرفت ہوگی میڈیا کو آگاہ کر دیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ برطانیہ ملتوی ہونے میں نوازشریف کے معاملے کا کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم کے کئی دورے شیڈول ہوتے ہیں جن میں موقع کی مناسبت سے تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ٹولے کا مقصد لوٹ مار ہے جس پر یہ پہلے بھی ایک ہوئے تھے اور اب بھی ہو رہے ہیں، حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے یہ جب بھی اکٹھے ہوتے ہیں ہم بہت انجوائے کرتے ہیں۔