نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ میں بائیو پسی ٹیسٹ کا آغاز کر دیا گیا

116

لاہور۔17جنوری (اے پی پی):کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی کی ہدایت پر نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں طبی اقدامات کا تسلسل جاری ہے۔ترجمان کے مطابق نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں بون میرو بائیوپسی ٹیسٹ کا آغاز کیا گیا ہے جو مریضوں کی تشخیص اور علاج میں اہم کردار ادا کرے گا۔پنجاب سوشل سکیورٹی ہیڈآفس میں منعقدہ اجلاس میں کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی کو بائیو پسی ٹیسٹ کے آغاز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بائیو پسی ٹیسٹ خون کی بیماریوں کی تشخیص میں مدد فراہم کرتا ہے

خاص طور پر انیمیا، خون کی کمی اور کینسر کی مختلف اقسام کی درست شناخت میں معاون ثابت ہوگا۔ اس سے قبل مریضوں کو یہ ٹیسٹ کروانے کے لیے دیگر ہسپتالوں میں بھیجا جاتا تھا، اب یہ سہولت ہسپتال میں ہی دستیاب ہے۔کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی کاہسپتال کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہناتھا کہ اس اقدام سے مزدوروں کو فوری اور درست تشخیص کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز اور ان کے اہل خانہ کو ایک چھت تلے علاج و معالجہ کی جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،بائیو پسی ٹیسٹ کا آغاز ایک اہم قدم ہے۔