اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف سے متعلق آج کا عدالتی فیصلہ اہم ہے، نواز شریف کو اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے وطن واپس لانے کے لئے تمام دستیاب قانونی آپشنز استعمال کئے جائیں گے، زندگی موت کا اختیار اللہ تعالی کے پاس ہے، اگر نواز شریف کو سیکورٹی چاہیے تو وہ ہم دے سکتے ہیں، موجودہ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کے لئے تر نوالہ ہے، اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف بے قصور ہیں تو پھر وہ قانون اور عدالتوں سے کیوں بھاگ رہے ہیں، مریم نواز نے اپنے بیان میں اشارہ بھی دیا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک ہے اور وہ پرآسائش زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عدالتی فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے گی،
نواز شریف کو چاہیے کہ وہ ملک میں واپس آئیں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں، احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ملک کی لوٹی ہوئی دولت وصول کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز الیکشن نہیں لڑ سکتیں وہ نا اہل قرار دی جا چکی ہیں، ریاستی اداروں کے خلاف بیان بازی کرنے والوں کا سیاسی مستقبل کچھ نہیں ہے،
اپوزیشن جماعتیں تو موجودہ حکومت کو گھر بھیجنے کی تاریخیں دیتی رہی ہے لیکن عوام نے ان کو یکسر مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ اکثریت رائے کے ساتھ منظور ہو جائے گا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پورے کریں گے اور آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب ہوں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے آنے تک ملک کے حالات مزید بہتر ہوں گے، مہنگائی کو کنٹرول کیا جائے گا،
بین الاقوامی سیاست میں بھی وزیراعظم عمران خان دو قدم مزید آگے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کا ووٹر احتساب کے حق میں ہے، عوام چاہتے ہیں کہ لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لائی جائے اور عوام کو یقین ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک قومی جماعت ہے، چار صوبوں میں اس کی حکومت ہے اور آزاد کشمیر میں اب پی ٹی آئی حکومت بنانے جا رہی ہے، موجودہ حکومت کی سٹریٹجی پاکستان کے مفاد اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل قوتیں پاکستان میں بحران پیدا کرنا چاہتی ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم عمران خان نے واضح کہا ہے کہ کشمیر پر مفاہمت نہیں ہوگی، پاکستانی ایک بہادر قوم ہیں، ہم نے پہلے بھی دہشتگردوں کو شکست دی ہے اور لاہور کے جوہر ٹائون میں ہونے والے واقعہ کے ملزمان تک بھی ہم پہنچ گئے