اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کراچی واقعہ کی تحقیقات وفاق اور سندھ حکومت کا معاملہ تھا، تحقیقات سے وفاقی اور سندھ حکومت دونوں مطمئن ہیں، نواز شریف تحقیقات کو مسترد کر رہے ہیں جو خود مفرور اور اشتہاری ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، وہ اسی بیانیے کو لیکر آگے چلتی ہیں جو ان کی سیاست کو سوٹ کرتا ہو۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر اعوان نے مزار قائد کی بے حرمتی کی اور ابھی تک ن لیگ نے واقعہ پر معذرت نہیں کی جو کہ افسوسناک بات ہے، ن لیگ کو چاہیے تھا کم از کم معذرت توکر لیتے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ تمام اداروں کا اپنا آپریشنز اور احتساب کا نظام ہے اور فوج نے کراچی واقعہ کی تحقیقات کر کے اس کو ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا آئین و قانون سے کوئی تعلق نہیں ہے، نواز شریف جو اشتہاری اور مفرور ہیں اور عدالتیں انہیں بار بار بلا رہی ہیں لیکن وہ ڈان بنے ہوئے ہیں اور واپس آنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت تباہ ہوئی اور آج وہی لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر ملکی معیشت پر تبصرہ کر رہے ہیں جو کہ حیران کن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کے مفاد میں کچھ ہو تو ٹھیک ورنہ سب غلط ہے، دونوں جماعتیں کراچی واقعہ پر اپنی اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) زیادہ عرصے تک ساتھ نہیں چل سکتے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا بیانیہ مختلف ہے، نواز شریف اور مریم نواز نظام سے باہر ہیں اسلئے وہ نظام توڑنا چاہتے ہیں جبکہ دوسری جانب پیپلزپارٹی نظام کو جاری رکھنا چاہتی ہے۔