نواز شریف کو برطانیہ سے ملک لانےکے لئے کوششیں کی جارہی ہیں،وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی

81

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ، چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو برطانیہ سے ملک لانےکے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹیلی وژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا رہنما ، بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے مقدمات میں مجرم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قانونی ٹیم، برطانیہ کو نواز شریف کی ملک بدری کے لئے قائل کرنے کی کوشش کرے گی ، جن کو وہاں طبی معالجے کے لئے وزٹ ویزا دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ایسے لوگوں کی سیاسی پناہ سے متعلق بحث شروع کردی گئی ہے جو فوجداری مقدمات میں ملوث ہیں۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ برطانوی حکومت کو اقوام متحدہ کے مابین برطانیہ کے امیج کی حفاظت کے لئے اس معاملے کو دیکھنا چاہیے۔ جسٹس فائز عیسیٰ کے ریفرنس کے حوالے سے سوال کے جواب میں ، ان کا موقف تھا کہ بار کونسل عدالتی معاملات کو دیکھے گی۔