نواز شریف کی صحت کے معاملہ پر حکومت نہیں بلکہ (ن) لیگ سیاست کر رہی ہے، عمر سرفراز چیمہ

74

اسلام آباد ۔ 6 مارچ (اے پی پی) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث نواز شریف کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو ذمہ دار شریف خاندان ہو گا، نواز شریف کی صحت کے معاملہ پر حکومت نہیں بلکہ (ن) لیگ سیاست کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نواز شریف کو علاج معالجہ کی مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے، باقاعدگی سے ان کا طبی معائنہ بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت واضح کر چکی ہے کہ نواز شریف جس ڈاکٹر یا ہسپتال سے چاہیں ان کے علاج کےلئے تیار ہیں۔ محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ کےلئے حکومت پر تنقید سے کچھ فائدہ حاصل نہیں ہو گا۔ عمر چیمہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ (ن) لیگ میاں صاحب کی صحت کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے سیاست میں زندہ رہنے کےلئے کوئی معقول راستہ اختیار کرے اور من گھڑت، بے بنیاد اور غیر اخلاقی پروپیگنڈہ فوری بند کرے۔ بعد ازاں عمر چیمہ نے سیّد صمصام بخاری کو صوبائی وزیر اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سیّد صمصام بخاری ایک تجربہ کار اور زیرک سیاسی کارکن ہیں۔ پنجاب کابینہ میں ان کی شمولیت ایک عمدہ اضافہ ہے۔ عمر چیمہ نے کہا کہ وہ سیّد صمصام بخاری کیلئے دعاگو ہیں۔