اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی گوجرانوالہ میں تقریر کی بھارتی میڈیا میں کوریج نے پاکستان مخالف مودی، نواز گٹھ جوڑ کو بے نقاب کردیا،لگتا ہے کہ نواز شریف نریندرا مودی کے ساتھ اتنا آگے بڑھ چکے ہیں کہ افواج پاکستان کے خلاف بھارتی بیانئے کا حصہ بن گئے ہیں،افسوس تین بار کا وزیراعظم اس حد تک گر سکتا ہے۔ہفتہ کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی پی ڈی ایم جلسہ میں افواج پاکستان کی قیادت کے خلاف بدزبانی نے ایک بار پھر قوم کو یاد دلایا کہ نواز شریف اپنے ذاتی مفادات کیلئے کسی حد تک جاسکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ کل ہی افواج پاکستان پر تین طرفہ حملوں میں 20 جوانوں کی شہادت ہوئی اور ابھی انکی نماز جنازہ نہ ہوئی تھی کہ نواز شریف نے افواج پاکستان کے خلاف مودی کی زبان استعمال شروع کردی. شہر یار خان آفریدی نے کہا کہ ابھی کل ہی کی بات ہے کہ نواز شریف کی جماعت نے جنرل قمر باجوہ کیلئے ووٹ دیا تھا. چند مہینوں میں آخر کیا ہوا کہ نواز شریف اسی فوجی قیادت کے خلاف نریندرا مودی کی زبان بولنے لگے. لگتا ہے کہ زبیر عمر کی ناکام سفارتکاری اور فوجی قیادت کے صاف انکار کے بعد نواز شریف نے فوجی قیادت پر الزامات لگائے. انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ساری عمر اسٹیبلشمنٹ کی گود میں بیٹھ کر حکومت کی۔ وہ دوسروں کو بھی اپنے جیسا سمجھتے ہیں جبکہ نواز شریف کو عوام نے 2018 میں مسترد کیا، عدالت نے کرپشن پر سزادیکر انکا باب بند کر دیا ہے۔