ہربن۔6فروری (اے پی پی):چین میں نویں ایشیائی سرمائی اولمپک کے مقابلے کل (جمعہ سے) چین کے شہر ہربن میں شروع ہوں گے جو 14 فروری تک جاری رہیں گے۔
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن (سی سی ٹی وی ) کے مطابق، "سرمائی خواب، ایشیائی عوام میں محبت” کے موضوع کے تحت ہونے والا یہ ایونٹ 2022 بیجنگ سرمائی اولمپکس کے بعد چین میں منعقد ہونے والا سب سے بڑا بین الاقوامی سرمائی کھیلوں کا ایونٹ ہوگا۔
منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ تمام 13 مقابلہ جاتی مقامات کو جدید سہولیات سے آراستہ کر دیا گیا ہے، اور ان میں ماحولیاتی استحکام، معیشت پر کم بوجھ ڈالنے اور کھیلوں کے بعد ان مقامات کے استعمال کو یقینی بنانے کے اصولوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
یہ مقابلے 34 ایشیائی ممالک اور خطوں سے تعلق رکھنے والے 1,270 سے زائد کھلاڑیوں کی میزبانی کریں گے، جس سے یہ ایشیائی سرمائی کھیلوں کی تاریخ کا سب سے بڑا ایڈیشن بن گیا ہے۔اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے ) کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، ونود کمار تیواری نے چین کی تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں چین نے صرف ایک سال میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جو کسی معجزے سے کم نہیں۔ایونٹ کی افتتاحی تقریب سے چند دن قبل، پیر کے روز "آئس سٹی” میں مشعل برداری (ٹارچ ریلے) کا باضابطہ آغاز کر دیا تھا ۔\