باغ۔21مئی (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں اور صحافیوں کو ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم بے نقاب کرنے چاہئیں،بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی آزادی کی تڑپ کو کچلنے کی کوشش کر رہا ہے اور کشمیریوں کا جذبہ حریت دبانے کیلئے 7 دہائیوں سے ظلم وبربریت کا ہر حربہ استعمال کر رہا ہے، کشمیر ی بہن بھائیوں کو سلام وہ اپنے خون سے جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن باغ کی تقریب حلف برداری،تھوب میں کارنر میٹنگ اوربیر پانی میں مرکزی الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت عیسائیوں ، سکھوں اور نچلی ذات کے ہندوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں ،گجرات کا قصائی مسلمانوں پر ظلم وبربریت کی تاریخ رقم کررہاہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی چوتھی نسل اپنے خون کی قربانی سے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہے، ہم دنیا سے وہی مطالبہ کر رہے ہیں جو وعدہ پنڈت جواہر لعل نہرو نے کشمیری عوام سے کیا تھا ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جی 20 کی صورت میں بھارت مقبوضہ کشمیر میں نئی شرارت کر رہا ہے، بھارت دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے ،
وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دوست ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے جھانسے میں نہ آئیں، بھارت متنازعہ علاقے میں کانفرنس کے انعقاد سے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، ہم نے اس مسئلے پر عالمی ضمیر کو جگانے کی کوشش کی ہے، ہر فورم پر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانا ہمارا فرض ہے، بھارتی ڈرامے کو بے نقاب کرنے کے لیے بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر اسمبلی اور باغ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جعلی مینڈیٹ کے ذریعے مسلمان اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے ، 2019 میں عمران خان نے بھارتی غیر قانونی اقدامات پر اپنی بے بسی کا اظہار کیا تھا لیکن ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ مودی کے ناپاک عزائم کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آزادی کے بیس کیمپ سے بلاول بھٹو کشمیریوں کا پیغام دنیا اور بھارت کو پہنچائیں گے، پاکستان اور آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو اس جلسے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانا آپ پر فرض بھی ہے اور قرض بھی، پاکستان اورآزاد کشمیر کے عوام اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کے پرچم اٹھا کر جلسے میں شرکت کریں،
مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام ان کے ساتھ ہیں، 5اگست 2019 میں بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج کیا گیا، ہم نے عزم اور ہمت کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ لڑنا ہے، جب تک عوام باکردار شخص کو ووٹ نہیں دیں گے اس ملک کا نظام ٹھیک نہیں ہو گا۔ قمر زمان کائرہ نے اس موقع پر ڈیجیٹل میڈیاایسوسی ایشن باغ کے نومنتخب عہدے داروں سے حلف بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ والہانہ استقبال پر تھوب باغ کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔