اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل عبدالحمید نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں اسلامی نظریات اور تعلیمات کو فروغ دینے میں نعتیہ ادب کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کی یاد میں پاکستان کے قونصل خانہ، ٹورنٹو میں ”نعتیہ ادب کی تجلیات” کے عنوان سے ایک آن لائن ویبینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔
۔ آن لائن ویبینار کی صدارت قونصل جنرل پاکستان برائے ٹورنٹو عبدالحمید نے کی جبکہ پینل میں ممتاز علماءمیں معروف نعت خواں عالم سید صبیح رحمانی(تمغہ امتیاز)، مشہور شاعر اور ادیب ڈاکٹر تقی عابدی، ڈاکٹر عبدالرحمن اورسفیر (ر) کرامت اللہ خان غوری شامل تھے۔پینلسٹ نے نعت ادب کی ابتداءاس کے ارتقاءاور ترقی کا جائزہ لیا اور مختلف ثقافتوں کے درمیان نعت کی مستحکم روایت کو اجاگر کیا جبکہ ہند پاک برصغیر میں ادب اور نعت ادب کے مختلف پہلووں پر گفتگوکی گئی۔
پینلسٹ نے اس موقع پر کہا کہ نعت ادب ایک مثالی اسلامی معاشرے کی تشکیل اور اسلام مخالف پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے میں اہم کردارادا کرسکتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل عبدالحمید نے اس بات پر زور دیاکہ آج کے نوجوانوں اور بالخصوص وہ لوگ جو مغربی ممالک میں رہتے ہیں ان میں اسلامی نظریات اور تعلیمات کو فروغ دینے میں نعت ادب کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔