اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی کی ڈاکٹر ثمینہ مطلوب نے کہا ہے کہ نوجوانوں نسل کو صحت مندانہ سرگرمیاں اور تفریح ماحول فراہم کرنے کے لئے سپورٹس تنظیموں کو آگے بڑھنا چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قومی ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمان اور سیکرٹری جنرل محمد حسین چٹھہ بھی موجود تھے۔
انہوں نے قومی ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کےکامیاب انعقاد پر پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمان مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگراموں سے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ اور اثاثہ ہیں ان کی کھیل کے میدان میں حوصلہ افزائی کرنا بہت ضروری ہے اور ان کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر رکھا ہے۔
ڈاکٹر ثمینہ مطلوب نے کہا کہ جس ملک کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے وہاں کے ہسپتال ویران ہونگے اور نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں سے بچائو کے لئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ثمینہ مطلوب نے پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمان کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
ٹورنامنٹ میں 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی تھی اور چیمپین شپ میں مختلف نو کیٹگریز کے ایونٹس منعقد ہوئے جن میں مینز سنگلز، مینزڈبلز، ماسٹر، ایمچور، لیڈیز سنگلز، ٹیم ایونٹ، مینز ڈیف، ویمن ڈیف اور انٹر سکولز شامل تھے۔