پشاور۔ 10 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں چیف منسٹر ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے تحت سکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر تعلیم مینا خان آفریدی، سرکاری حکام کے علاوہ طلبہ اور انکے والدین بھی تقریب میں شریک تھے۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر 82 طلبہ میں سکالرشپ سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ یہ سکالر شپس فلی فنڈڈ ہیں ، جن میں ٹیوشن فیس اور مفت رہائش کے علاؤہ خوراک الاؤنس بھی شامل ہے ۔
سی ایم ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے تحت 615 ملین روپے کی لاگت سے اب تک 526 سکالر شپس فراہم کی جا چکی ہیں۔ ان سکالرشپس میں 366 انڈر گریجویٹ اور 150 گریجویٹ سکالرشپس شامل ہیں جو پاکستان کے ٹاپ تعلیمی اداروں میں تعلیم کےلئے فراہم کی گئی ہیں۔
10 گریجویٹ سکالر شپس مختلف بین الاقوامی جامعات کےلئے دی گئی ہیں۔سکالر شپس تقسیم کرنے کی تقریب سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کی رقم 1.2 ارب روپے سے بڑھا کر 2.4 ارب روپے کرنے کا اعلان کیا ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اگلے مالی سال سے تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں میں فیسوں کو آدھا کرنے کی پوری کوشش کرے گی، بچیوں اور یتیم بچوں کو بارہویں جماعت تک مفت تعلیم دینے کے لیے 2 ارب روپے مالیت کا فنڈ قائم کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کی تعلیم اور ان کے بہتر مستقبل پر زیادہ سے زیادہ وسائل خرچ کریں گے، اس مقصد کے لئے صوبے کی آمدن بڑھانے پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ مہینوں کے دوران صوبائی حکومت کی اپنی آمدن میں 44 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، ہم اپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرکے انہیں صحیح معنوں میں ملک و قوم کا اثاثہ بنائیں گے، مجھے یقین ہے ہمارے نوجوان نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان بین الاقوامی سطح پر ملک اور اسلام کا مثبت تشخص اجاگر کریں، یقین دلاتا ہوں صوبائی حکومت نوجوانوں کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی، سکالرشپس حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔