نوجوانوں کا سیاست میں اہم کردار ہے ، سینیٹر مولانا عبد الواسع

181

کوئٹہ۔ 08 جولائی (اے پی پی):جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ نوجوانوں کا سیاست میں اہم کردار ہے کیونکہ پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ جمعیت علمائے اسلام کی جدوجہد عوام بالخصوص نوجوانوں کیلئے ہے، عوام کی مشکلات و مسائل کے حل کیلئے شعوری سیاسی قیادت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیرکے روزضلع قلعہ سیف اللہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مولانا عبد الواسع نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور جمعیت علمائے اسلام کو متحرک بنانے میں جماعت کے نوجوانوں کا کردار ہے اور جماعت کے نوجوان کارکن جماعت کا اہم ستون ہیں جنہوں نے ہمیشہ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی قیادت کی آواز پر لبیک کہا انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ جمہوری انداز میں جدوجہد کی ہے اور حالیہ انتخابات میں جو کامیابی جمعیت علمائے اسلام کو ملی اور عوام نے جو ووٹ دیا وہ سب کے سامنے ہیں، انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نوجوانوں کو مایوس نہیں کرے گی نوجوان اپنی تعلیم اور صحت پر توجہ دیں تعلیم معاشرے کی بہتری اور صحت اپنے لیے ضروری ہے۔