نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کر رہے ہیں، شزہ فاطمہ خواجہ

131

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کر رہے ہیں، ملک میں ڈیجیٹائزیشن سے سرخ فیتہ میں کمی اور کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کی یو این ڈی پی ڈیجیٹل سکلز گریجویشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے نوجوانوں کو مختلف کورسز کرائے جا رہے ہیں، طلباء و طالبات کو آئی ٹی سے متعلق مختلف پروگراموں کی ٹریننگ دی جا رہی ہے، طلباء پوری محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرکے معاشرے کا مفید شہری بنیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیِں، حکومت ڈیجیٹائزیشن کیلئے پرعزم ہے، اس سے صارفین کو تمام سہولتیں آن لائن دستیاب ہوں گی، اس سے سرخ فیتہ میں کمی اور کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کلائوڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت سمیت تمام آئی ٹی کورسز ڈیجیٹائزیشن کیلئے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”ون پیشنٹ ون آئی ڈی” اقدام کے تحت مریضوں کا ڈیٹا آن لائن دستیاب ہو گا، اس سے شناختی کارڈ کے ذریعے مریض کا تمام ڈیٹا سامنے آ جائے گا، اس طرح کے اقدامات سے صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی، کوشش ہے کہ ان اقدامات کیلئے نجی شعبہ آگے آئے۔