نوجوانوں کو آگے لانا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے ، یہی نوجوان ملک کا مثبت چہرہ سامنے لائیں گے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا جناح سٹیڈیم میں تقریب سے خطاب

96

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ اس ملک کے نوجوانوں کو آگے لے کر آئیں، پاکستان کی 60 فیصد آبادی کو مرکزی دھارے کا حصہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، یہی نوجوان ملک کا مثبت چہرہ سامنے لائیں گے، کامیاب نوجوان پروگرام کے انعقاد پر پوری کابینہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار کے ہمراہ جمعرات کو جناح سٹیڈیم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی کو مین سڑیم کا حصہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ تاریخ کے سب سے بڑے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے انعقاد پر کابینہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام 25 ہزار نوجوان کو اپنا کاروبار شروع کرنے میں مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے اور کامیاب سپورٹس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کامیاب ہوگا تو پاکستان کامیاب ہو گا۔فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ اس ملک کے نوجوانوں کو آگے لے کر آئیں، یہی نوجوان ملک کا مثبت چہرہ سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کے فروغ کے لیے قومی سطح پر پالیسی بنا رہے ہیں، پاکستان کے نوجوانوں میں سپورٹس کا جذبہ دیدنی ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ امید ہے کہ یہی نوجوان کل کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا فوکس ہے کہ ملکی سطحی پر سپورٹس کو مزید نظر انداز نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ 17 سال بعد سپورٹس کمپلیکس کی رونقیں واپس آئی ہیں،ملک کے سب سے بڑے ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس ایونٹس میں 3 ہزار سے زیادہ خواتین کھلاڑی شریک ہیں۔عثمان ڈار نے کہا کہ ملک بھر کی100سے زائد یونیورسٹیوں نے حصہ لیا ہے۔