پشاور۔ 25 اپریل (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا پروگرام موجودہ منتخب حکومت کا انقلابی اقدام ہے، نوجوان وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم میں اپنی رجسٹریشن کروائیں۔وہ غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹوپی میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں بڑی تعداد میں طلبا و طالبات اور فیکلٹی ارکان نے شرکت کی۔
انہوں نے شرکاء کو نیشنل ایڈولیسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی اور لیپ ٹاپ رجسٹریشن کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔رانا مشہود نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نوجوانوں کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے متعدد پروگرام شروع کیے ہیں، جن میں مفت لیپ ٹاپ اسکیم بھی شامل ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ ہزاروں مستحق طلبہ کو بلاسود قرضوں پر بھی لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ہر سال وفاقی سطح پر میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، اور اس اسکیم کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 20 مئی 2025 مقرر کی گئی ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے رجسٹریشن وزیراعظم کے ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے کی جائے گی، اور ملک بھر کے تمام پبلک سیکٹر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ اس اسکیم کے لیے اہل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یوتھ پروگرام غیر سیاسی ہے اور تمام سہولیات مکمل طور پر میرٹ پر فراہم کی جائیں گی۔چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو ووکیشنل ایجوکیشن ٹریننگ دی جا رہی ہے اور تمام ملازمتیں میرٹ کی بنیاد پر فراہم کی جائیں گی،
رانا مشہود نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے فراہم کردہ لیپ ٹاپ کی بدولت ہزاروں نوجوانوں نے نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی منڈیوں میں باعزت روزگار حاصل کیا، جو ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 28 مئی 1998 کو بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، اور اب کوئی بھی ملک، بشمول بھارت، ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں افراتفری اور بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں، لیکن ان کے تمام ناپاک عزائم کو عوام کی طاقت سے ناکام بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان 25 کروڑ عوام اور ایک پروفیشنل فوج کا حامل ایک مضبوط ملک ہے،
اور بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مدارس کے فارغ التحصیل نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے انہیں اعلیٰ روزگار کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دور سوشل میڈیا کا ہے اور تمام سرکاری محکموں کی ملازمتیں ایک کلک پر دستیاب ہیں، جنہیں وزیراعظم کے ڈیجیٹل یوتھ ہب پر حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کی بدولت پاکستان فری لانسنگ میں دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر آ چکا ہے،نوجوان وزیراعظم کے یوتھ پیکج کے تحت فراہم کردہ سہولیات اور کورسز سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر کشمیر کے مسئلے پر سمجھوتہ کرنے کا الزام لگایا۔ دوسری جانب انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت دنیا کے تمام فورمز پر بھارت کے مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بھرپور انداز میں بے نقاب کیا ہے۔رانا مشہود نے کہا کہ وہ نوجوانوں کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کرنے کے لیے ایک ماہ میں 25 شہروں کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور وہی آئندہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587893