نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، شازیہ مری کی سی ای او سمٹ میں گفتگو

180

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) شازیہ مری نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں جن کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں ’’ٹرن ارائونڈ پاکستان: ری شیپنگ دی فیوچر آف پاکستان‘‘ کے عنوان پر سی ای او سمٹ میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے تاہم اس ملک میں تمام ابھرتے ہوئے کاروبار کو پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملک کو ڈیجیٹل بنانے میں سی ای او کلب کے کردار کی تعریف کی۔سمٹ میں مختلف ممالک کے سفراء ، وفاقی وزراء ، تاجروں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے بھی حاضرین سے خطاب کیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ پرامن اور سازگار ماحول کاروبار کے فروغ کے لیے لازم ہے ۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ مسائل کو حل کرنے کے لیے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کے خلاف پھیلائی جانے والی ڈس انفارمیشن کے خلاف بیانیہ تیار کرنے کی ضرورت ہے اور حکومت کو اس بیانیہ کی تشکیل کے لیے مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کی تائید کی کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کا براہ راست تعلق ملکی سلامتی سے ہوتا ہے۔انہوں نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے سیلاب زدگان کی 25 ہزار فی خاندان مالی امداد کی۔