کوئٹہ۔ 19 مئی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ نوجوانوں کی ذہنی صلاحتوں کا درست ادراک کرنے اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب فکری رہنمائی کیلئے ایک ٹھوس وژن اور جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، قومی مفادات اور نوجوانوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ ہم ذمہ دار شہریوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ملکی یکجہتی، تعمیری سوچ، حب الوطنی اور تخلیقی صلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں میں استعمال کر سکتے ہیں ، اس مقصد کے حصول کیلئے ہم یونیورسٹی کی سطح پر سیمینارز، کانفرنسوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کر رہے ہیں ۔
تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں "یوم تشکر” کے حوالے سے مختلف پروگراموں اور ریلیوں کا انعقاد خوش آئند ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں گورنر ہائوس کوئٹہ میں بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور پرو-وائس چانسلرز کے ساتھ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف افواج پاکستان نےدلیری اور جرات کا مظاہرہ کیا اورتاریخ میں ایک یادگار فتح رقم کی یہ شاندار جیت افواج پاکستان کی طاقت کا منہ بولتا ثبوت ہونے کے ساتھ ساتھ مسلم ممالک کیلئے امید کی کرن بھی ہے۔
اس ضمن میں ضروری ہے کہ اپنی نئی نسل میں احساس ذمہ داری اور حب الوطنی کو پروان چڑھائیں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے درمیان موثر روابط بڑھانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کے علم و تجربہ سے بھرپور استفادہ کریں،انہوں وائس چانسلرز زور دیا کہ نوجوانوں کی مثبت ذہن سازی کے لئے تجاویز اور سفارشات پیش ،گورنر بلوچستان نے کہا کہ یونیورسٹی کو ترقی و کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں اپنے رویوں میں بھی تبدیلی لانی ہوگی، آپ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ نئے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید مہارتیں بھی سکھائیں۔ فیلڈ ریسرچ اور ہم نصابی سرگرمیوں کو اپنے شیڈول مناسب جگہ دیں اور مارکیٹ پر مبنی مضامین کو ترجیح دیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598908