نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے آگے آنا ہوگا، سید امین الحق

117

کراچی۔1جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ شکر ہے کچھ سالوں سے کراچی کی رونقیں بحال ہورہی ہیں، یہ شہر اور اس کے شہری بڑے دل والے ہیں، نوجوانوں کی ایکسپو سینٹر بک فئیر میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ان میں کتب بینی کا شوق بڑھ رہا ہے یہ خوش آئند بات ہے کیونکہ کتاب انسان کا بہترین دوست ہوتی ہے آپ اس سے تعلق بنائے رکھیں تو یہ کبھی آپ کو تنہا نہیں چھوڑتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یکسپو سینٹرکراچی میں سولہویں عالمی کتب میلے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سید امین الحق نے کتب کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور شرکا سے ان کی دلچسپی اور کتب کے مطالعے کے شوق کے حوالے سے گفتگو کی۔

بعد ازاں میڈیاسے گفتگو میں سید امین الحق نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کی کتب میلے میں شرکت دیکھ کر دلی خوشی ہورہی ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مطالعہ اور کتاب کا شوق ختم نہیں ہوا یہ ایک صحت مند سرگرمی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی اس قسم کے کتب میلے کا انعقاد کریں،

ان کی وزارت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے آگے آنا ہوگا، وزارت آئی ٹی نوجوانوں کی ٹیکنیکل تربیت اور بہترین روزگار کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے، آئی ٹی ایکسپورٹ میں نمایاں اضافہ ہمارے اقدامات کا نتیجہ اور فری لانسرز نوجوانوں کی محنت کا نتیجہ ہے جن کا اس میں بڑا کردار ہے۔