اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) قومی پیداواری صلاحیت اور افرادی قوت کی برآمدات کو بڑھانے کے مینڈیٹ کے ساتھ نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق عالمی سطح پر مسابقتی مہارتوں سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔پیر کو جاری کیے گئے اقتصادی سروے 2024-25 کے مطابق، پاکستان کی آبادی کا ایک بڑا حصہ 30 سال سے کم عمر کے افراد پر مشتمل ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے حکومت نے قومی سطح پر مہارت کی ترقی کے پروگرام شروع کرنے اور اس میں اضافہ کرنے پر کام کر رہی ہے۔
مالی سال 2024 میں اہم کامیابیوں میں سے، 51,833 نوجوانوں نے وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا بیچ 1 مکمل کیا جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں خصوصی تربیتی اقدامات کے طور پر 3,007 افراد کو تربیت دی۔ 16 وفاقی کالجوں میں’’سمر آف کوڈ‘‘ کے تحت 4,780 طلباء کو تربیت دی گئی جبکہ 338 طلباء نے آئی ٹی ٹریننگ مکمل کی۔ اسی طرح 2,580 مدارس کے طلباء نے پیشہ ورانہ تربیت حاصل کی اور 650 خواتین کو شی فکسزاقدام کے تحت بااختیار بنایا گیا۔
غیر ملکی زبان کے کورسز نے نمل اور ایف ای ڈی کے ساتھ شراکت میں 825 افراد کو تربیت دی، اور GIKI اور نسٹ کے طلباء نے چپ ڈیزائن اور ہائی ٹیک مہارتوں کی جدید تربیت مکمل کی جبکہ نئے ضم شدہ اضلاع کے کل 600 نوجوانوں نے تکنیکی تربیت بھی حاصل کی۔ ان کوششوں کو سپورٹ کرنے کے لیے، حکومت نے وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام (2023-26) کے لیے 15,000 ملین روپے، نیوٹیک کے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے 4,700 ملین روپے، اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعہ سکل فار آل اقدام کے تحت 9,877 ملین روپے مختص کیے ہیں۔