نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔جمال شاہ

135

لاہور۔27اگست (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے کہا کہ قوم کی توقعات کے مطابق کام کریں گے۔بچوں کو قومی زبان کی طرف راغب کریں گے۔بچیوں کیلئے ویب سائٹ پر تمام زبانوں میں ثقافتی ورثے کو متعارف کرائیں گے۔

اتوار کے روز ایوان اقبال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ہیروز،چاروں صوبوں کی ثقافت سے متعلق نئی نسل کو معلومات دیں گے۔نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔نوجوانوں کے مستقبل کیلئے تمام انڈسٹریز سے مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے جو وزارت ملی اس پر خوش ہوں ،محدود مدت میں اچھا نگران بن کر کام کرونگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بہترین مکالمے کے ذریعے نوجوانوں کو بہتر نظریہ د ینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سب کو قومی تشخص کہ بہتری کے لیے مل کر کام کر نا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فوک ادب کے لوگوں کو دعوت دی ہے ،

ان سے کہانیاں لے کر ویڈیوز،آڈیوز اور کتابوں کی شکل میں بچوں کے لیے پیش کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں بولی جانے والی تمام زبانوں والے اس ویب سائٹ سے ذخیرہ لیں گے تاکہ انکو اپنے کلچر سے شناسائی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا ترجیح ہے ۔کوشش ہے کہ تخلیقی سرگرمیوں میں نوجوانوں کو شامل کریں۔

انہوں نے کہا کہ زمین پر اگر خوبصورتی ہے تو صوفیا کرام کے باعث ہے ۔ صوفی موسیقی کی ترویج کے ساتھ ساتھ مقامی زبانوں کی ترویج کے لیے بھی کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ محدود وقت میں اچھا کام کیا جائے۔خواہش ہے معاشرے میں شفافیت پروان چڑھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں وضع دار لوگ ہیں جو عوام کی فلاح بہبود کے لیے کام کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر آئین سے ماورا کو ئی کام ہوا تو اسکا حصہ نہیں ہوں گا۔