نوجوانوں کی ترقی اور شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، میر سرفراز بگٹی

33
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی عوامی وفود اور انفرادی درخواست گزاروں سے ملاقات

کوئٹہ۔ 04 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازاحمد بگٹی نے کہاہے کہ بلوچستان کا مستقبل ان ہی باہنر اور باصلاحیت نوجوانوں سے جڑا ہے، جنہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے ، نوجوانوں کی ترقی اور شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں،اب تک بلوچستان یوتھ ایمپاورمنٹ اینڈ انگیجمنٹ انیشیٹو کے تحت صوبے بھر سے 6ہزار سے زائد نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں جدید تربیت دی جا چکی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے یوتھ امپاورمنٹ اینڈ انگیجمنٹ اقدام سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جمعہ کو بلوچستان یوتھ ایمپاورمنٹ اینڈ انگیجمنٹ انیشیٹو کے تحت کوئٹہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ نے ہنرمندی، تخلیقی صلاحیت اور جدت پر مبنی تربیت مکمل کرنے والے باصلاحیت طلبا و طالبات میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر نوجوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل ان ہی باہنر اور باصلاحیت نوجوانوں سے جڑا ہے، جنہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے ۔ پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 46 طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپس دیے گئے جبکہ تربیت مکمل کرنے والے تمام شرکا کو باقاعدہ سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے گئے ۔ تقریب میں پاکستان کی ممتاز سافٹ ویئر اور آئی ٹی کمپنیوں نے اس پروگرام میں تربیت حاصل کرنے والے 50 نوجوانوں کے لیے ملازمتوں اور انٹرن شپس کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان کیا جو اس انیشیٹو کی کامیابی اور افادیت کا واضح ثبوت ہے ۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا، انہیں روزگار کے بہتر مواقع دینا اور صوبے میں معاشی خود کفالت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی اور شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں اور یہ انیشیٹو صوبے کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ رہا ہے

یہ پروگرام نہ صرف نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھول رہا ہے بلکہ بلوچستان کی مجموعی معاشی و سماجی ترقی کا محرک بھی بن رہا ہے۔