نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکارنے کے لیے ایوبیہ میں تین روزہ لائف اسکلز سمر کیمپ 27 جون سے شروع ہوگا

4

پشاور۔ 26 جون (اے پی پی):کلچر، لٹریچر آرٹس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (CLADO) کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کے لیے ایک خصوصی تین روزہ لائف اسکلز سمر کیمپ کا آغاز 27 جون سے ایوبیہ میں ہو رہا ہے، جو 29 جون تک جاری رہے گا۔ یہ کیمپ نوجوانوں کو عملی زندگی میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور مثبت معاشرتی تبدیلی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ اس تربیتی کیمپ میں ذہنی صحت، ماحولیاتی شعور، کاروباری مہارتیں، قیادت کی تربیت اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی اہداف (SDGs) جیسے اہم موضوعات پر سیشنز منعقد کیے جائیں گے جن کی قیادت ماہر ٹرینرز کریں گے۔

نوجوانوں کو نہ صرف باہمی مکالمے اور تنقیدی سوچ کی تربیت دی جائے گی بلکہ گروپ سرگرمیوں اور عملی مشقوں کے ذریعے ان کی خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھی نکھارا جائے گا۔ سمر کیمپ کے منتظم اعلیٰ عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ اس کیمپ کا مقصد ان پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ایسے مواقع فراہم کرنا ہے جو انہیں ترقی کے قومی دھارے میں شامل کر سکیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات نوجوانوں کو نہ صرف خودمختار بنانے میں مدد دیتے ہیں بلکہ وہ معاشرتی ترقی کے ضامن بھی بنتے ہیں۔