ملتان۔ 05 مئی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت اس سال نوجوانوں کی فلاح و بہبود کےلئے پالیسی متعارف کرا رہی ہے تاکہ ملک میں تعلیم کو عام اور بےروزگاری کا خاتمہ کیا جا سکے۔ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (MCCI) میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسی پالیسی ہے جو یونیورسٹیوں کے طلباء سے لے کر اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں تک، سب کو مواقع فراہم کرے گی۔یہ پہلا موقع ہے کہ ہم 10 سے 15 سال کے عمر کے بچوں کے مسائل پر توجہ دے رہے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے وضاحت کی کہ نوجوانوں کے خوابوں اور امنگوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 29 سال تک کے نوجوانوں کی ترقی کے لیے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔نوجوان ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں اور اس سلسلے میں تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 26 مارچ کو لانچ کی گئی ڈیجیٹل ایپ کو اب تک 1.6 ملین سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے، اور اس کی رسائی 6 ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ یہ 10 ملین تک پہنچے گی، اور اس کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو انٹرن شپ کے مواقع مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل دنیا میں داخل ہو چکا ہے، اور ضروری ہے کہ ہم اس سے مکمل فائدہ اٹھائیں تاکہ عالمی برادری کے ساتھ ہم آہنگ رہ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اس سال 160 ارب روپے کا بجٹ تجویز کیا ہے، جو کہ گزشتہ سال کے 12 ارب روپے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔یہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ڈیجیٹل انقلاب کے لیے ایک تاریخی قدم ہے، اور ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو روشن مستقبل کی طرف لے جایا جا سکے۔
انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلانے والوں پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ان کو سخت جواب دینا چاہیے،یہی ادارہ ہے جس نے پاکستان کو بچایا، پروان چڑھایا اور مستحکم رکھا، ہمیں اپنے عسکری اداروں کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے اور ان کا ساتھ دینا چاہیے کیونکہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592963