نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے جامعات اور صنعتی اداروں کے مابین مضبوط روابط پیدا کرنے کی ضرورت ہے، شبلی فراز

56

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے جامعات اور صنعتی اداروں کے مابین مضبوط روابط پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔پیر کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے نسٹ کے عالمی اور قومی کردار کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی ملک کے اعلی تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں کا کام صرف ڈگری دینے کی نہیں بلکہ ہنر فراہم کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ ہماری جامعات، عوام کی زندگی پر کتنی اثر انداز ہو رہی ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کا کام صرف نوکریاں فراہم کرنا نہیں بلکہ ایک ایسا ماحول بنانا ہے جس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو بھی ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا اور نوجوانوں میں روزگار کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے اقدامات کرنا چاہیئے۔وینٹیلیٹروں کی دستیابی اور پیداوار سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کوڈ 19 سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمارے پاس مناسب آکسیجن اور دیگر ضروری اسٹاک موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی سہولت کار کے طور پر کام کر رہی ہے اور ابھی تک ان کے پاس اپنے وینٹیلیٹر نہیں ہیں۔تاہم ، نیشنل ریڈیو و ٹیلی مواصلات کارپوریشن (این آر ٹی سی) اور نجی فرمیں ملک میں وینٹیلیٹر تیار کررہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وینٹیلیٹرز کے 16 کام ہوتے ہیں لیکن مقامی سطح پر بنائے جانے والے وینٹیلیٹرز میں صرف چار فنکشنز پائے جاتے ہیں۔

پاکستان اسٹیل ملز (پی ایس ایم) آکسیجن پلانٹ کو چالو کرنے کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار پی ایس ایم آکسیجن پلانٹ کا جائزہ لے رہی ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے وزیر صنعت و پیداوار سے بھی بات کی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں کسی مسئلے کی وجہ سے پی ایس ایم آکسیجن پلانٹ کو ہنگامی صورتحال میں آپریشنل نہیں کیا جاسکتا۔کوڈ 19 کی خراب صورتحال کے دوران بھارت کی امداد کے بارے میں شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان بھارت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ یہ انسانیت کا مسئلہ ہے اور ہماری ہمدردیاں بھارت کے ساتھ ہیں۔