اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سماجی، سیاسی اور مذہبی اقدار پر کاربند رہنےاور ان کے احترام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ نوجوانوں خود کو منفی پراپیگنڈے اور سیاسی پولرائزیشن میں ملوث کرنے کے بجائے قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ینگ سٹیزن انٹرن شپ پروگرام 2024 کے اورینٹیشن سیشن سے اپنے کلیدی خطاب کے دوران کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ نوجوانوں کو پارلیمانی طریقہ کار سے روشناس کرنا ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیاں قانون سازی کے عمل میں انتہائی موثر کردار ادا کرتی ہیں لہذا ینگ انٹرن شپ پروگرام میں شریک نوجوان کو پارلیمنٹ کے کمیٹی سسٹم بارے میں بھر پور آگاہی فراہم کی جائے ۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر نگہت شکیل خان نے اورنٹیشن سیشن میں ورچوئل شرکت کی ۔
انہوں نے اپنے خطاب نوجوانوں کو جمہوریت کے بنیادی اصولوں سے آگاہی، پارلیمنٹ سے نوجوانوں کے رابطوں کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پارلیمان میں کام کے طریقہ کار بارے معلومات کی فراہمی اور قوم کی تعمیر و ترقی میں ان کے کردار اہمیت کو اجاگر کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
سیو دی چلڈرن کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر رضا حسین قاضی نے تقریب میں موجود نوجوانوں کو انٹرن شپ پروگرام شامل ہونے پر مبارکباد دی اور انہیں سیو دی چلڈرن آرگنائزیشن کے اہداف و مقاصد سے آگاہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ ینگ سٹیزن انٹرن شپ پروگرام 2024 کے 4 ہفتوں پر مشتمل ہے۔
سپیشل سیکرٹری (خصوصی اقدامات) سید شمعون ہاشمی نے ینگ سٹیزن انٹرن شپ پروگرام 2024 کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان انٹرنیز کو انٹرن شپ پروگرام، نصابی سرگرمیوں اور پروگرام کی ورکشاپس کے بارے میں آگاہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں کو پارلیمنٹ کے بارے میں آگاہی اور جمہوری عمل اور قانون سازی متعلق تربیت فراہم کرنا ہے۔