اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتی ہے ، نوجوان ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لیے اپنی صلاحیتوں اور اعلیٰ تعلیم سے خود کو آراستہ کریں،ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد کو ملحوظ خاطر رکھیں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔
سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہارچیئرمین سینیٹ نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہوتی ہے خوش قسمتی کی بات ہے کہ پاکستان کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی نوجوانوں کو آج کے دن کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔پاکستانی نوجوان ٹیلنٹ اور صلاحیتوں کی دولت سے مالا مال ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ارشد ندیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس گیمز میں عالمی ریکارڈ قائم کرکے ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے ،ارشد ندیم نے ثابت کیا کہ حالات جس طرح کے بھی ہوں مسلسل محنت اور لگن سے کامیابی کا حصول ممکن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی بہادری اور عزم سے بڑی کامیابیاں حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر سکتے ہیں اور نوجوان ہی تبدیلی کے اصل ایجنٹ ہیں جو محنت اور لگن سے کوئی بھی بڑا مقام حاصل کرسکتے ہیں ۔نوجوانوں کا ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے جمہوری عمل میں نوجوانوں کی شرکت ناگزیر ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک کی ترقی، درپیش چیلنجز اور ملکی معیشت کے استحکام کےلئے ضروری ہے کہ ہم بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق کام ،کام اور صرف کام پر توجہ دیں۔ملکی ترقی کےلئے ناگزیر ہو چکا ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد کو ملحوظ خاطر رکھیں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی پر اپنی توجہ مرکوز کریں ۔