اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کے مستقبل کے معمار ہیں، قوم کو اپنے مستقبل کے ان معماروں سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، قوم کی توقعات پر پورا اترنے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بھرپور محنت کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریباً گزشتہ دو ماہ سے جاری پارلیمنٹ ہائوس میں سکول اور کالجز کے طلباء کے لیے سمر انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے انٹرن شپ پروگرام میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات سے کہا کہ ان کی اولین ترجیح پاکستان ہونا چاہیے۔آج کے نوجوان خوش قسمت ہیں کہ انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ملک مستقبل کو تابناک بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔انہوں نے فرضی (موک) پارلیمنٹ میں نوجوان انٹرن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان انٹرن نے انتہائی احسن طریقے سے موک پارلیمنٹ کی کارروائی چلائی اور بحث میں حصہ لیا جو انتہائی متاثر کن تھی اور حقیقت پارلیمنٹ کی کارروائی محسوس ہو رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سمر انٹرن شپ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اپنے ملک کی پارلیمان سے متعلق معلومات اور آگاہی فراہم کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ کل آپ نے اس ملک کی قیادت کو سنبھالنا ہے اور اسی باہمی احترام کے جذبے اور صبرو تحمل کا مظاہرہ آج اس موک پارلیمنٹ میں کیا گیا سے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔انہوں نے انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء کو ملک کے مثبت تشخیص کو اجاگر کرنے اور ملک کے حق میں جو بات آئے اسے بھرپور انداز میں دوسروں تک پہچانے اور ملکی قوانین، آئین اور پارلیمان کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے موک پارلیمنٹ میں بچوں کے حقوق سے متعلق پیش کی گئی قرارداد کی حمایت کی۔
قبل ازیں سمر انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء نے ایک موک پارلیمنٹ کے اجلاس کا اہتمام کیا جس میں انٹرنز نے سپیکر، وزیراعظم، وفاقی وزراء وزیر قانون، اپوزیشن لیڈر کے طور پر کردار ادا کیا۔اجلاس میں بچوں کے مسائل اور قانون سازی سے متعلق امور کو زیر بحث لایا گیا۔اس فرضی (موک) پارلیمنٹ کی مشق کا مقصد نوجوانوں میں پارلیمان سے متعلق شعور کو اجاگر کرنا ہے۔ تقریب میں صدارتی ایوارڈ یافتہ سینئر صحافی حافظ طاہر خلیل نے بھی شرکت کی جو 1975 سے پارلیمنٹ کی کارروائی کو کور کرتے رہے ہیں اور پریس گیلری کے سب سے پرانے ممبر ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمان کیلئے ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی۔تقریب کے آخر میں سپیکر قومی اسمبلی نے سمر انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء کو سرٹیفیکیٹ بھی دیے۔سپیکر قومی اسمبلی نے سمر انٹرن شپ پروگرام کے منتظمین خصوصاً خصوصی اقدامات ونگ کی کاوشوں کو سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سمر انٹرن شپ سمیت اس طرح کے دیگر پروگرام خصوصاً نوجوانوں میں پارلیمان اور قانون سازی سے متعلق آگاہی میں معاون ثابت ہونگے۔