نوجوان ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کو کم کرنے کیلئے اجتماعی کوششیں کریں، فرزانہ الطاف شاہ کا دولت مشترکہ ایشیایوتھ الائنس کانفرنس سے خطاب

171
نوجوان ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کو کم کرنے کیلئے اجتماعی کوششیں کریں، فرزانہ الطاف شاہ کا دولت مشترکہ ایشیایوتھ الائنس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل فرزانہ الطاف شاہ نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کو کم کرنے کے لئے اجتماعی کوششیں کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں دولت مشترکہ ایشیایوتھ الائنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پائیدار ترقی میں نوجوانوں کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل سے بہت امیدیں وابستہ ہیں اور یہ کہ نوجوان ماحول کے تحفظ میں حقیقی دلچسپی ظاہر کرتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان سمیت دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں تین ماہ سے بارش نہیں ہوئی جس کی وجہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات ہیں۔ فرزانہ الطاف شاہ نے دارالحکومت کی بدلتی ہوئی آب و ہوا اور شہر کی متاثرہ قدرتی خوبصورتی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں 1991 میں پہلی بار اسلام آباد آئی تو شہر میں ہر ہفتے بارش ہوتی تھی لیکن اس کے برعکس آج ہمیں ایک غیر معمولی موسمی صورتحال کا سامنا ہے۔

انہوں نے دارالحکومت میں جنگلات کی کٹائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ درختوں کو کاٹ کر ہم نے اسلام آباد کو کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے آنے والے موسم گرما کے مہینوں میں شدید گرمی کی لہروں سے بھی خبردار کیا اور بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے فوری اور اجتماعی کارروائی پر زور دیا۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے لئے نوجوانوں کے جوش و جذبے اور عزم کے لئے ان کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی کوششیں اس نقصان کو دور کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک۔ای پی اے) شہر میں صفائی مہم پر وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کے ساتھ تعاون کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ قبل ازیں دولت مشترکہ ایشیایوتھ الائنس کانفرنس باضابطہ طور پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہوگئی،کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان سمیت مختلف ملکوں کے نوجوان رہنمائوں اور وزراءکو اکٹھا ہونے کا موقع ملا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کانفرنس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے ، انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اورہنر مند بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دولت مشترکہ ایشیایوتھ الائنس سمٹ 2025 نوجوانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں بامعنی بات چیت میں شامل کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جس سے وہ ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے پائیدار اور قابل عمل حل تجویز کریں گے۔

کانفرنس میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ کے علاوہ 12 ممالک سے آئے مندوبین اور پاکستان میں متعین غیر ملکی سفیروں اور پرائم منسٹر نیشنل یوتھ کونسل کے تیسرے بیچ کے 113 نئے ممبران نے شرکت کی۔