28.8 C
Islamabad
بدھ, مئی 7, 2025
ہومعلاقائی خبریںنوجوان نسل پاکستانی قوم کا عظیم سرمایہ ہے، غازی میں یونیورسٹی کیمپس...

نوجوان نسل پاکستانی قوم کا عظیم سرمایہ ہے، غازی میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا اعلان جلد ہو گا ، صوبائی وزیر مینا خان

- Advertisement -

ہری پور۔ 5 مئی (اے پی پی):یونیورسٹی آف ہری پور کا چوتھا کانووکیشن یہاں یونیورسٹی ہال میں منعقد ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی اور رکن صوبائی اسمبلی عدیل اقبال تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے ڈگریاں اور میڈلز حاصل کرنے والے طلباءو طالبات اور ان کے والدین و لواحقین کو مبارکباد پیش کی اور ان کو قوم و ملک اور بین الاقوامی برادری میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستانی قوم کا عظیم سرمایہ ہے، ہری پور یونیورسٹی کی ترقی کے حوالہ سے انہوں نے یونیورسٹی کی تمام شعبوں میں قابل تعریف ترقی پر وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کو داد دی اور اپنی وزارت کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے بتایا کہ رکن صوبائی اسمبلی ملک عدیل اقبال کی کوششوں پر صوبائی حکومت تحصیل غازی میں ہری پور یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام پر کام کر رہی ہے، جلد ہی وزیراعلیٰ غازی میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا اعلان فرمائیں گے۔

- Advertisement -

انہوں نے ہری پور یونیورسٹی کو وائس چانسلر پروفیسر شفیق الرحمن کی قیادت میں کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ یونیورسٹی رجسٹرار ریاض محمد نے بتایا کہ یونیورسٹی اور اس سے ملحقہ کالجز کے 573 طلباءو طالبات کو بیچلر، ایسوسی ایٹ، ماسٹر اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئی ہیں جن میں مختلف مضامین اور پروگرامز کے 67 طلباءو طالبات کو بہترین پرفارمنس پر گولڈ میڈلز سے بھی نوازا گیا۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے مہمان خصوصی، ارکان صوبائی اسمبلی، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے نمائندگان، ملحقہ کالجز کے پرنسپل اور پروفیسر صاحبان، ڈگریاں اور میڈلز حاصل کرنے والے طلباءو طالبات، ان کے والدین، اساتذہ اور دیگر تمام مہمان خواتین و حضرات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صرف 13 سالوں میں ہری پور یونیورسٹی میں تعلیمی، تحقیقی اور تعمیراتی شعبوں میں کی جانے والی ترقی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 2012ءمیں چھ شعبوں سے سفر کا آغاز کرتے ہوئے آج یونیورسٹی 30 شعبوں اور 120 پروگرامز میں یونیورسٹی کے 10 ہزار اور ملحقہ کالجز کے اتنے ہی طلباءو طالبات کو اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دوسری جانب یونیورسٹی کفایت شعاری اور کوالٹی پر بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور مارکیٹ میں اہمیت رکھنے والے پروگرامز کے آغاز اور ان میں اعلیٰ کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف ہری پور بلکہ ملحقہ اضلاع، پاکستان بھر اور انٹرنیشنل طلبہ و طالبات کا ہری پور یونیورسٹی کی طرف خصوصی رجحان اور اعتماد میں دن بہ دن اضافہ پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کنٹرولر آف ایگزامینیشن ضیاءالرحمن کو بھی کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کانووکیشن کے سلسلہ میں ان کی تمام تر کاوشوں کو سراہا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن، رجسٹرار ریاض محمد ، فیکلٹی ڈینز اور ڈائریکٹرز کے ہمراہ الغزالی سنٹرل لائبریری کے سامنے پودا لگایا اور سنٹرل لائبریری میں معروف شاعر قتیل شفائی میوزیم کا دورہ کیا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592669

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں