نوجوان نسل کو جدید ٹیکنیکل علوم سکھانے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کا معاہدہ زیر غور ہے ،اظہر مذلان

39

راولپنڈی۔2اپریل (اے پی پی):پاکستان میں تعینات ملائشیا کے سفیر اظہر مذلان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کی حکومتوں کے مابین نوجوان نسل کو جدید ٹیکنیکل علوم سکھانے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا معاہدہ زیر غور ہے جس کی تکمیل پر ہم اس شعبے میں انجمن فیض الاسلام کی مہارت اور صلاحیتوں سے ملائیشیا میں استفادہ کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن فیض الاسلام ”اپنا گھر ” کے بچوں میں تحائف تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملائشین سفیر کے ہمراہ ان کی اہلیہ عمیلیا آمنی اور ملائشیا ایمبیسی کے سٹاف ممبران بھی موجود تھے ۔

صدر انجمن پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد ، جنرل سیکرٹری گروپ کیپٹن (ر) پرویز اختر اور انجمن کے دیگر ممبران نے ملائشیا کے سفیر اور ان کے ہمراہ سٹاف ممبران کا استقبال کیا ۔ اظہر مذلان نے کہا کہ انہیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے قائم کردہ اس یتیم پرور ادارے میں آکر دلی سکون ملا ہے ، مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ بانی پاکستان کے رہنماء اصولوں پر اس ادارے میں پوری طرح عمل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے انجمن کے اپنا گھر میں مقیم بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیارے نبی کریمؐ والد گرامی کی وفات کے بعد دنیا میں تشریف لائے اور پھر بچپن میں ہی ان کی والدہ ماجدہ کا سایہ بھی ان کے سر سے اٹھ گیا ۔

یتیم ہونا ایک محرومی کا احساس ضرور ہے مگر دینی اور دنیاوی اعتبار سے پختہ اور با عمل شخصیت بننے میں یہ محرومی رکاوٹ نہیں بننی چاہیے ۔ انہوں نے انجمن کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ یتیم ، لاوارث اور غریب بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت کر رہا ہے۔ یہاں بچوں کو قرآن پاک سکھانے سمیت ان کو صوم و صلاة کا بھی پابند بنایا جا رہا ہے۔صدر انجمن پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے مہمانوں کو انجمن کی تاریخ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 1947 ء میں قائد اعظم محمد علی جناح کے حکم پر ایک چھوٹے سے کرائے کے کمرے میں بنگال سے لائے گئے 30 بچوں کی پرورش سے آغاز کرنے والا انجمن فیض الاسلام ادارہ اب تناور درخت بن چکا ہے

جس کے چھ مراکز پورے راولپنڈی ضلع میں کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ملائشین سفیر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ جنرل سیکرٹری گروپ کیپٹن (ر) پرویز اختر نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملائشین سفیر ، ان کے سٹاف ممبران اور تمام ملائشین عوام کی بہت قدر کرتے ہیں اور دونوں برادر اسلامی ملکوں کے مابین عوامی سطح پر رابطے قائم کرنے پر اظہر مذلان کے شکر گزار ہیں ۔ بچوں میں تحائف تقسیم کئے گئے اورسفیر نے انجمن کو ایمبیسی کی جانب سے نقد عطیہ بھی دیا۔