اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، نوجوانوں کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، حکومت نوجوانوں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔وہ منگل کو یہاں یوتھ کنونشن سے خطاب کر رہی تھیں۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ملکی ترقی کے لئے نوجوانوں کو بااختیار بنانا بہت ضروری ہے، موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں مہارتوں کی تربیت دینے پر توجہ کر رکھی ہے، اس سال چار ارب سے زائد یوتھ کی سکلز ڈویلپمنٹ پر خرچ کئے جائیں گے، ڈیجی سکلز پروگرام کے ذریعے اب تک تقریبا ساڑھے چار ملین یوتھ کو ٹریننگ دی جا چکی ہے، نوجوان ڈیجی سکلز پروگرام سے استفادہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار زندگی کے ہرشعبہ میں ہے، معیشت ہو یا سکیورٹی یا پھر کوئی اور شعبہ سب آئی ٹی پر منتقل ہو رہے ہیں، کوریا کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں آئی ٹی پارک بنا رہے ہیں جس سے کثیر تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، اسلام آباد آئی ٹی پارک کے بعد دوسرا آئی ٹی پارک کراچی میں بنایا جائے گا، پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر ملک میں ای روزگار سینٹرز کھولیں گے، خواتین سٹارٹ اپس کے اندراج کے لئے نیشنل انکوبیشن سینٹر کھولنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل منتقلی کے لئے بھرپور اقدامات جاری ہیں، اسلام آباد کو سب سے پہلے ماڈل ڈیجیٹل سٹی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان موجود ٹیک انقلاب میں اہم کردار ادا کریں، پاکستان کی ترقی کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، ہم سب نے مل کر اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔ وزیرمملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال پر بھی زور دیا، ایک فیک نیوز پورے ملک کے پرسیپشن پر اثرانداز ہوتی ہے۔