اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مقامی و بین الاقوامی منڈیوں میں افرادی قوت کا حصہ بنانے کے لئے مختلف ہنر سکھانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ تحصیل ڈسکہ کے صدر افنان علی ساہی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کا کامیاب جوان پروگرام نوجوان کاروباری افراد کو قرضوں اور مہارت پر مبنی تربیت کی فراہمی کے لئے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد اور ملک کو خوشحال بنانے کے لئے نوجوانوں کا کردار ناگزیر ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی یوتھ ونگ تحصیل ڈسکہ کے صدر نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں مالی قرضوں اور ہنر کی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ افنان علی ساہی نے وفاقی وزیر اطلاعات کو پی ٹی آئی یوتھ ونگ ڈسکہ کے کنونشن میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔