کوئٹہ/اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور بلوچستان کی ترقی میں ان کا کردار کلیدی ہے۔
جمعرات کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2021 میں کوئٹہ یوتھ پالیسی کا وعدہ کیا گیا تھا اور موجودہ صوبائی حکومت نے اقتدار میں آنے کے صرف دو ماہ کے اندر اس پالیسی کو منظور کروایا جو خوش آئند قدم ہے۔
نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہا کہ یہ یوتھ پالیسی ان عناصر کے لیے ایک واضح پیغام ہے جو بلوچستان کو پاکستان سے الگ کرنے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس پالیسی پر ہر صورت میں مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے تاکہ نوجوانوں کو درپیش مسائل حل ہو سکیں۔