30.5 C
Islamabad
جمعرات, مئی 15, 2025
ہومقومی خبریںنوجوان ہمارا مستقبل ہیں ، ہم نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہے...

نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ، ہم نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، بھارت کو ناکوں چنے چبوانے والے ڈیجیٹل واریئر قابل تعریف ہیں، رانا مشہود احمد خان

- Advertisement -

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ہم نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اس وقت ملک اور بیرون ملک 2 لاکھ سے زائد ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں، اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملکی سرحدوں کو محفوظ بنانے والے نوجوان بالخصوص بھارت کو ناکوں چنے چبوانے والے ڈیجیٹل واریئر قابل تعریف ہیں اور انہوں نے ثابت کیا کہ بھارت آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ہم سے آگے نہیں بلکہ ہم بھارت سے بہت زیادہ آگے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو روٹس انٹرنیشنل سکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ملک کے تعلیمی شعبہ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، یہاں تعلیم حاصل کرنے والے نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور ہم نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے بلاامتیاز سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دیگر صوبوں کے نوجوانوں کو مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں میں سکالرشپس دی گئی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے دانش سکولوں اور پنجاب انڈوومنٹ فنڈ کا دائرہ کار پنجاب سے بڑھا کر پورے ملک تک پھیلایا ہے اور اس کو پاکستان انڈوومنٹ فنڈ کا نام دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ان کے سٹارٹ اپس کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت آسان شرائط پر قرضہ دیا جا رہا ہے، نوجوانوں کو جدید آئیڈیاز پر انوویشن ایوارڈز دیئے جا رہے ہیں، آئندہ سال اس کو ایکسیلیٹر پروگرام کے نام سے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتہ سے پچ پاکستان پروگرام کا آغاز کیا جائے گا جس میں باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، وزیراعظم یوتھ پروگرام جدید آئیڈیاز پیش کرنے والے نوجوانوں کو جدید انکیوبیشن سنٹرز اور فنڈز فراہم کرے گا، یہ فنڈز 30 لاکھ سے 5 کروڑ روپے تک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ نوجوان سکالرشپس، روزگار اور دیگر مواقع کے بارے میں معلومات اور آگاہی کیلئے ڈیجیٹل یوتھ ہب سے استفادہ کریں، ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اس وقت ملک اور بیرون ملک 2 لاکھ سے زائد ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک 8 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو مختلف قسم کی ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں اور دسمبر تک 15 لاکھ نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنا ہمارا ہدف ہے، نوجوانوں کیلئے ٹریننگ کے جدید ماڈیولز وضع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی شعبہ کی برآمدات اڑھائی ارب سے پانچ ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، آئندہ دو سال میں اسے 25 ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملکی معیشت کی بحالی کی جنگ لڑی ہے، ہمیں فخر ہے کہ 1998ء میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کئے، اسی دور میں جے ایف۔17 تھنڈر پاک فضائیہ میں شامل کئے گئے، ہم نے تعلیم، صحت، دفاع اور معیشت سمیت ہر شعبہ میں ترقی کیلئے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی صلاحیتوں کا اعتراف کر رہی ہے

پاکستانی نوجوانوں کیلئے وسیع مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملکی سرحدوں کو محفوظ بنانے والے بھارت کو ناکوں چنے چبوانے والے ڈیجیٹل واریئر قابل تعریف ہیں اور انہوں نے ثابت کیا کہ بھارت آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ہم سے آگے نہیں بلکہ ہم بھارت سے بہت زیادہ آگے ہیں، دنیا کے تمام ممالک نے بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح کو سراہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597015

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں