اقوام متحدہ۔23مارچ (اے پی پی):پاکستان نے موسم بہار کے آغاز کے تہوار نوروز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوروز کا تہوار انسان اور قدرت کے درمیان ربط اور تجدید کی علامت ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے متقل مندوب منیر اکرم نے نوروز کے عالمی دن پر نیویارک میں منعقدہ ورچوئل تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نوروز کے عالمی دن پر اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے ساتھ امن، بین الاقوامی تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوروز کا تہوار تجدید اور تخلیق نو کادن ہے۔
یہ تہوار وہ جذبہ ہے جو ہمیں کرونا وائرس کی وبا کے باعث پیدا ہونے والے مصائب سے نکلنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے،اس سے ہمارا یہ اعتماد بحال ہوتا ہے کہ ہم مل کر وائرس کو شکست دیں گے اور بہتربحالی،مضبوط اور زیادہ خوشحال ہوں گے۔
یہ تقریب افغانستان ،آزربائیجان،بھارت،ایران،عراق،قزاخستان،کرغزستان،پاکستان،تاجکستان،ترکی،ترکمانستان اور ازبکستان کے سفارتاروں کے تعاون سے منعقد کی گئی جس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش اور جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد نے افتتاحی خطابات کیئے ۔
پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا کہ نوروز ایک ایسا ورثہ ہے جسے پاکستانی عوام نے گرمجوشی سے قبول کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یہ عام طور پر گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا کے کچھ حصوں، خاص طور پر افغانستان کے ساتھ سرحد کے قریب اور بلوچستان بھر میں موسم بہار کی آمد کے ساتھ منایا جاتا ہے اور اس سلسلے میں کوئٹہ میں ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ مشترکہ ورثہ شمال اور مغرب میں ہمارے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہماری دوستی اور تعاون کی ایک مضبوط بنیاد ہے جس کی عکاسی اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) میں بھی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوروز کا تہوار شاندار تہذیبوں کے مشترکہ ورثے کی یاددہانی بھی ہے جو بلقان، بحیرہ اسود، بحیرہ کیسپین کے علاقوں، قفقاز اور وسطی اور جنوبی ایشیا تک پھیلی ہوئی ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ اس کی عکاسی آرٹ، موسیقی، ان خطوں کے ممالک کے فن تعمیر، ادب اور رسم و رواج میں ہوتی ہے ۔انہوں نے کورونا وائرس کے باعث درپیش مسائل سے نکلنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر اور متحد ہو کر کورونا وائرس کو شکست دیں گے اور بہتر طور پر بحال، مضبوط اور زیادہ خوشحال ہوں گے۔
پاکستانی مندوب منیر اکرم نے آخر میں شاعر مشرق اور تحریک پاکستان کی اہم شخصیت علامہ محمد اقبال کی ایک نظم کو دہرایا جس میں انہوں نے کہا کہ‘‘(ترجمہ)”موسم بہار کے بادلوں نے پہاڑوں اور میدانوں پر اپنے خیمے لگا لیے،دیکھو! باغوں اور میدانوں میں پھول کھل رہے ہیں،موسم بہار کی ہوا چل رہی ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں ایک اندازے کے مطابق 300 ملین یعنی 30کروڑ افراد نوروز کا جشن مناتے ہیں، جسے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم ( یونیسکو ) نے انسانیت کے غیر مادی ثقافتی ورثےکی نمائندہ فہرست میں بھی شامل کیا ہواہے۔