نوری ہسپتال میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی تقریب اورواک

142
Noori Hospital
Noori Hospital

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے اسلام آباد میں کینسرہسپتال نیوکلیئر میڈیسن آنکولوجی اینڈ ریڈیوتھراپی انسٹیٹیوٹ (نوری) نے بریسٹ کینسر سے آگاہی سے متعلق ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب کی مہمان خصوصی چیئرمین پی اے ای سی کی اہلیہ بیگم فہمین علی تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پی اے ای سی کے تحت چلنے والے 19 اٹامک انرجی کینسر ہسپتالوں کی خدمات کو سراہا جو کہ کینسر کی تشخیص اور علاج میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ تمام ہسپتال کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں بھی معاون ہیں۔ انہوں نے نوری ہسپتال کو کینسر کے علاج اور عوام میں خصوصاً خواتین میں آگاہی پھیلانے کے لیے کلیدی رول ادا کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی اہلیہ نے اس سلسلے میں مزید کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے نوری کو انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی جانب سے اینکر سینٹر قرار دیے جانے کے قابل فخر لمحے کو یاد کرتے ہوئے کہا، "یہ واقعی پی اے ای سی اور قوم کے لیے فخر کی بات تھی جب گزشتہ سال ستمبر میں کینسر ہسپتال کو آئی اے ای اے کا اینکر سینٹر قرار دیا گیا تاکہ اس کی مہارت کو خطے کے دیگر کینسر ہسپتالوں کے ساتھ شیئر کیا جا سکے”۔اپنے استقبالیہ خطاب میں نوری ہسپتال شعبہ آنکولوجی کی سربراہ ڈاکٹر حمیرا محمود نے "نوری ٹرننگ دی ٹائیڈز” کے عنوان سے ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی اور پاکستان میں بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ میں ہسپتال کے کردار کو اجاگر کیا۔

ڈاکٹر حمیرا نے نوری کی جانب سے کینسر کے مریضوں اور ان کے ساتھیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی،بعد ازاں، نوری کی جانب سے تمباکو نوشی کے اثرات پر تیار کی گئی ایک خصوصی ویڈیو دکھائی گئی جس کے بعد ایک خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں حاضرین نے کینسر کی وجوہات اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں سوالات کیے، جن کا آنکولوجی، سرجری، نفسیات اور ریڈیالوجی کے ماہرین اور نوری کے علاج یافتہ افراد نے جواب دیا۔اس موقع پر "Young Brave Warriors” کے عنوان سے کینسر سے لڑنے والوں کا ایک خصوصی سیشن بھی منعقد کیا گیا۔تقریب کا اختتام یادگاری شیلڈز کی تقسیم اور کینسر آگاہی واک پر ہوا۔