پشاور۔ 03 مارچ (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع نوشہرہ میں بھی 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ۔ نوشہرہ پولیس کے مطابق انسداد پولیو مہم کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کے 1770 سے زائد افسران و جوانان سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات کردئیے گئے ہیں۔ جوانوں کو ڈیوٹی پر جانے سے قبل خصوصی بریفنگ دی گئی۔ ایس ڈی پی اورز اور ایس ایچ اوز وقتاً فوقتاً مختلف چیک پوسٹوں ، بی ایچ یوز اور ہسپتالوں کے دورے کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران نگرانی کےلیے نوشہرہ پولیس نے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید سخت کر دیا ہے۔ موبائل پیٹرولنگ کو مزید فعال کرکے ضلع میں جاری مہم کے دوران امن و امان کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔جوانوں کو ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی پر تعینات پولیس جوان الرٹ رہیں اور ڈیوٹی کے دوران موبائل فون کے استعمال کرنے سے گریز کریں۔