پشاور۔ 05 فروری (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ نوشہرہ کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے گورنمنٹ سینٹینئل ہائی اسکول اکوڑہ خٹک میں سیمینار اور یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ قائم مقام اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ گوہر علی نے سیمینار میں شرکت کی جہاں طلبہ نے مظلوم کشمیریوں کے حق میں ولولہ انگیز تقاریر کیں۔
مقررین نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔سیمینار کے بعد اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ کی قیادت میں یکجہتی ریلی نکالی گئی جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف سرکاری محکموں کے نمائندوں، علماء، مشائخ، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے بلند کیے۔ریلی کے دوران شرکاء نے بھارتی جارحیت اور مظلوم کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہانگیرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔