نوشہرہ ورکاں ۔ 07 دسمبر (اے پی پی):محکمہ سپورٹس پنجاب کے زیراہتمام انٹر ڈسٹرکٹ کھیلتا پنجاب گیمز کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ڈی پی ایس سکول گوجرانوالہ میں تقریب کا انعقاد کیاگیا۔انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں میں ریجن بھر سے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، پنجاب حکومت ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے کھیلتا پنجاب مقابلوں کا انعقاد کررہی ہے۔
نوجوان مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرکے ملک کا نام روشن کریں گے، کھیلتا پنجاب مقابلوں میں تائی کوانڈو، میٹ ریسلنگ، کبڈی، فٹ بال، باسکٹ بال،کرکٹ، ایتھلیٹکس، تیراندازی، والی بال، ہاکی، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے ہوئے کھیلتا پنجاب مقابلے گکھٹرسپورٹس ارینا، سٹی سپورٹس کمپلیکس،
شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئے۔کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے نیشنل و انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے قومی ہیروز (اتھلیٹس) عوامی نمائندوں کے ہمراہ نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔