نوشہرہ ورکاں ،عاشورہ محرم الحرام کے حوالے سے امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے اجلاس

7

نوشہرہ ورکاں ۔ 26 جون (اے پی پی):عاشورہ محرم الحرام کے حوالے سے امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد، سٹی پولیس آفیسر رانا ایاز سلیم کی زیرصدارت پولیس لائن میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز رضوان طارق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)فیصل سلطان، ضلعی افسران، امن کمیٹی، لائسنس داران، جلوس و مجالس کے منتظمین اور پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا، ممکنہ چیلنجز کی نشاندہی کرنا اور ایک مربوط لائحہ عمل مرتب کرنا تھا۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں۔ عوامی تعاون کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں، لہٰذا تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر ہونا چاہیے۔

اجلاس میں تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران ہم آہنگی برقرار رکھنے، باہمی احترام کے فروغ اور ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔سٹی پولیس آفیسر رانا ایاز سلیم نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام میں بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کا فروغ ناگزیر ہے۔

تمام مکاتب فکر کے علماء اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان مخالف قوتوں کے خلاف اتحاد کا مظاہرہ کریں اور ایک مثبت پیغام دیں۔انہوں نے واضح کیا کہ گوجرانوالہ پولیس محرم الحرام میں قیام امن کے لیے مکمل طور پر پرعزم اور تیار ہے اور کسی بھی قسم کی شرانگیزی یا فساد کی کوشش کو سختی سے کچلا جائے ۔