نوشہرہ ورکاں ۔ 08 دسمبر (اے پی پی):حکومت پنجاب نے حیدری روڈ کے علاقہ میں قبرستان کے لیے 40 کنال اراضی فراہم کردی ہے، 10 کروڑ روپے لاگت سے قبرستان کی چار دیواری، جنازہ گاہ سمیت سہولیات کی فراہمی کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خان، ایم پی اے عمران خالد بٹ، ایم پی اے عمر فاروق ڈار،ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے ہمراہ حیدری انڈر پاس پر قبرستان کیلئے مختص اراضی کا دورہ کے موقع پر منصوبہ بارے تفصیلات بتاتے ہوئے کیا۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ علاقہ مکینوں کا عرصہ دراز سے قبرستان کے لیے اراضی فراہم کرنے کا مطالبہ تھا ،
عوامی نمائندوں کی نشان دہی پر حکومت پنجاب نے اراضی فراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ کمشنر نے بتایا کہ قبرستان کی چار دیواری ، جنازہ گاہ ، انتظار گاہ بنائی جائے گی، رات کو روشنی کے لیے لائٹنگ کا انتظام کیا جائے گا ، لواحقین کے لیے پختہ گزر گاہیں بنائی جائیں گی۔ سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے منصوبہ کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اسے بروقت مکمل کر لیا جائے گا۔