نوشہرہ ورکاں ۔ 05 ستمبر (اے پی پی):نوشہرہ ورکاں گھر میں گھس کر خاتون کے ساتھ گالم گلوچ کرنے پر تین بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق محلہ مدینہ مسجد کی رہائشی بیوہ خاتون ریحانہ بی بی نے پولیس کو بتایا کہ میں نے اپنی بیٹی روبہ بی بی کی شادی اظہر علی انصاری متہ روڈ نوشہرہ ورکاں سے کی تھی جوکہ اس وقت یونان میں مقیم ہے میری بیٹی اپنی ساس کے ساتھ گھر میں موجود تھی کہ حامد انصاری رہائشی محلہ درزیاں نے اس کے ساتھ اپنے دو بھائیوں بلال اور جاوید کے ہمراہ رات آٹھ بجے گھر میں زبردستی داخل ہوکر گالم گلوچ کی اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں ،
میری بیٹی نے مجھے فون پر بتایا تو میں اور میرے بیٹے نے فوری اس کے گھر پہنچ کر ملزمان سے ان کی جان چھڑوائی اور ملزمان گالم گلوچ اور قتل کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔ تھانہ نوشہرہ ورکاں پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔