لاہور۔30جون (اے پی پی):لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کے جلائو گھیرائو کے الزام میں درج مقدمات میں شاہ محمود قریشی اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی ملتوی کر دی۔عدالت نے شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواست پر کارروائی 3 جولائی جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست پر سماعت 7 جولائی تک ملتوی کی۔
درخواست گزاروں کی جانب سے وکلا برہان معظم اور رانا مدثر ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ادھر نو مئی جلا ئوگھیرا ئوکے مقدمات کا جیل ٹرائل لاہور کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں جاری رہا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی۔ عدالت نے عسکری ٹاور کے مقدمے میں ایک گواہ کے بیان پر جرح مکمل کی جبکہ راحت بیکری کے باہر جلا ئوگھیرا ئوکے مقدمے میں چار گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔
شیرپاو پل کے مقدمے میں پانچ گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کی گئی۔ عدالت نے کیسز کی مزید سماعت کل منگل تک ملتوی کر دی۔