اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے 9 مئی کو پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے متعدد شہروں میں ریاستی عمارتوں اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات کا عہد کیا ہے کہ ان واقعات میں ملوث کرداروں کے خلاف نرمی نہیں برتی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کنونشن سینٹر میں منعقدہ "تکریم شہدا کنونشن” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے جس میں شہدا ءکے خاندانوں، وزراء، سابق فوجیوں، سفارتکاروں، سول سوسائٹی کے کارکنوں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا اور 9 مئی کے حملوں کی مذمت کرنا تھا جن میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پرجذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جب متاثرین کے اہلخانہ اپنے شہید پیاروں کی تصویریں دیکھ کر اور انہیں یاد کرتے ہوئے رو پڑے جبکہ وفاقی وزیر ذاتی طور پر ان کی نشستوں پر گئے اور سوگوار خاندانوں کے دکھ میں شریک ہوئے اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے واضح کیا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=364908