لندن۔3جولائی (اے پی پی):دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ نے جیت کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اینڈی مرے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ومبلڈن اوپن کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں جاری ہیں۔
مینز سنگلز کےتیسرے رائونڈ میں عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ نے امریکا کے ڈینس کڈلا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4-6 ، 3-6 اور 6-7 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ کینیڈا کے ڈینس شاپوالوف نے سابق عالمی نمبر ایک برطانیہ کے اینڈی مرے کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ان کی جیت کا سکور 4-6 ، 2-6 اور 2-6 رہا۔
ایک اور میچ میں سپین کے رابرٹ بوٹسٹا نے جرمنی کے ڈومنک کوپفر کو 5-7 ، 1-6 اور 6-7 سے ہرا کر اگلے رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔