نوویک جوکووچ انجری کی وجہ سے فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز کوارٹر فائنل سے دستبردار ہو گئے

138
Novak Djokovic
Novak Djokovic

پیرس۔5جون (اے پی پی):سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ون ، میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ فٹنس مسائل کے باعث فرنچ اوپن ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل سے دستبردار ہوگئے۔37 سالہ سربین ٹینس سٹار دائیں گھٹنے کی انجری کے باعث رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز کوارٹر فائنل میچ کے لئے کورٹ میں نہ آسکے اور ٹاپ ایٹ میچ سے دستبردار ہوگئے۔

سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں شروع ہو چکا ہے، جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں سربیا کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ کا مقابلہ ناروے کے کیسپر رڈ سے تھا تاہم دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ نوویک جوکووچ گھٹنے کی انجری کے باعث مقابلے سے دستبردار ہوگئے اور ناروے کے کیسپر رڈ بلامقابلہ سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

نوویک جوکووچ کے گھٹنے کی چوٹ کا سکین گزشتہ روز ہوا تھا جس سے یہ واضح ہو گیا تھا کہ نوویک جوکووچ کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے ،جس کے بعد ٹاپ سیڈ ڈنے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا ۔37 سالہ شہرہ آفاق ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بہت دکھ ہوا کہ مجھے میگا ایونٹ سے دستبردار ہونا پڑرہا ہے۔نوویک جوکووچ کی میگا ایونٹ سے دستبردای کے باعث ان کا 25واں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا اس کے علاوہ وہ اے ٹی پی میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں اپنی عالمی نمبر ایک کی حیثیت بھی کھو دیں گے