نوویک جوکووچ اور رافیل نڈال فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

261
نوویک جوکووچ اور رافیل نڈال فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

پیرس۔30مئی (اے پی پی):سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار ، عالمی نمبر ایک اور میگا ایونٹ کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ اور ہسپانوی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار رافیل نڈال ،جرمنی کے نامور ٹینس سٹار الیگزینڈرزویروف اورسپین کے کارلوس الکراز گارفیا فرنچ اوپن ٹینس مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ ارجنٹائن کے ڈیاگو سیباسٹین شوارٹزمین، کینیڈین ٹینس سٹار فیلکس اوجرالیاسائم اور کیرن خچانوف پری کوارٹر فائنل میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔

سال کا دوسرا گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں اپنی آب وتاب سے جاری ہے ۔

مینز سنگلز مقابلوں کےپری کوارٹر فائنل میچ میں سربیا کے نوویک جوکووچ نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ارجنٹائن کے ڈیاگو سیباسٹین شوارٹزمینن کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6، 3-6 اور 3-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، ہسپانوی شہرت یافتہ ٹینس سٹار رافیل نڈال نے بھی کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی ۔

انہوں نے سخت مقابلے کے بعد حریف کینیڈین ٹینس سٹار فیلکس اوجرالیاسائم کو 6-3،3-6، 2-6،6-3 اور 3-6سے شکست دے کر ٹاپ ایٹ تک رسائی حاصل کی جہاں ان کا مقابلہ سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ سے ہوگا۔

ایک اور میچ میں جرمنی کے نامور ٹینس سٹار الیگزینڈرزویروف نے سپین کے حریف کھلاڑی برنابیزپاٹا میرالس کو 6-7(11-13)،5-7 اور 3-6 سے مات دے کر پری کوارٹر فائنل کی رکاوٹ عبور کرلی، کوارٹر فائنل میں جرمنی کھلاڑی کا مقابلہ سپین کے کارلوس الکراز گارفیا سے ہوگا

، انہوں نے پری کوارٹر فائنل میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف روسی کھلاڑی کیرن خچانوف کو سیدھے سیٹس میں 1-6، 4-6 اور 4-6سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔