نوویک جوکووچ آسٹریلین اوپن مہم کا آغاز ایڈیلیڈ انٹرنیشنل اوپن ٹینس ایونٹ سےکریں گے

106

بلغراد۔7دسمبر (اے پی پی): سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ آئندہ اے ٹی پی ٹینس سیزن کا آغاز جنوری میں ایڈیلیڈ انٹرنیشنل اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے کریں گے۔ 35 سالہ سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ کو رواں سال کے آغاز میں کووڈ 19 ویکسی نیشن نہ کروانے کے باعث آسٹریلیا سے ملک بدر کر دیا گیا تھا۔نوویک جوکووچ آسٹریلیا میں ریکارڈ نو مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ نوویک جوکووچ ویزا کی پابندی ختم ہونے کے بعد آئندہ سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔برطانیہ کے اینڈی مرے، کائل ایڈمنڈ اور جیک ڈریپر بھی ایڈیلیڈ میں کھیلیں گے، ایونٹ کا آغاز یکم جنوری 2023سے ہوگا جس کے 15 دن بعد سال کا پہلا گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میلبورن میں شروع ہو گا۔ایڈیلیڈ انٹرنیشنل اوپن ٹینس میں عالمی نمبر پانچ نوویک جوکووچ کے علاوہ اے ٹی پی درجہ بندی کے تین دیگر ٹاپ 10 کھلاڑی شرکت کریں گے ، جن میں کینیڈا کے فیلکس اوگرالیاسائم، روس کے ڈینیل مدویدیف اور روس کے ہی آندرے روبلوف شامل ہیں۔ڈبلیو ٹی اے مقابلوں میں بھی ٹاپ 10 کھلاڑی اونس جبیور، آرینا سبالینکا، ڈاریا کساتکینا اور ویرونیکا کدرمیٹووا حصہ لے رہی ہیں۔نوویک جوکووچ نے حالیہ دسمبر میں سیزن ختم ہونے والا اے ٹی پی فائنلز جیتا تھا اور وہ اپنے کیریئر کا 22 واں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کے لیے پرامید ہیں۔ سربیا کے نوویک جوکووچ کو ویزا منسوخ ہونے کے بعد 2022 کے ایونٹ سے پہلے ملک بدر کر دیا گیا تھا۔ آسٹریلین اوپن 16 سے 29 جنوری تک میلبورن پارک میں کھیلا جائے گا۔\932