نوویک جوکووچ نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا، رافیل نڈال کا سب سے زیادہ گرینڈسلام ٹائٹل جیتنے کا ریکار ڈ بھی توڑ دیا

156
نوویک جوکووچ نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا، رافیل نڈال کا سب سے زیادہ گرینڈسلام ٹائٹل جیتنے کا ریکار ڈ بھی توڑ دیا

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی): سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین نوویک جوکووچ نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئےنئی تاریخ رقم کر دی۔ 36 سالہ نوویک جوکووچ نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں نارویجن حریف کھلاڑی کیسپرروڈ کو شکست دے کر نہ صرف فرنچ اوپن ٹینس ٹائٹل کی ہیٹرک مکمل کی بلکہ سب سے زیادہ گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے سربین کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

انہوں نے فرنچ اوپن ٹینس ایونٹ جیت کر ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال کا ریکارڈ بھی توڑ دیا اورکیریئر کا سب سے زیادہ 23 ٹائٹل اپنے نام کی اس کے علاوہ نوویک جوکووچ سال کے چاروں گرینڈ سلام تین بار جیتنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں ۔ سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری ہیں۔

مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل میچ میں سربیا کے نوویک جوکووچ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناروے کے کیسپر روڈ کو 6-7(1-7)،6-3 اور 5-7سے شکست دی۔ اس فتح کے بعد نوویک جوکووچ نے پیرس میں 2016 اور 2021 کے بعد تیسری بار فتح اپنے نام کی ہے۔ وہ اس کے علاوہ 10 مرتبہ آسٹریلین اوپن ٹائٹلز ، 7 مرتبہ ومبلڈن اوپن ٹائٹلزاور 3 مرتبہ یو ایس اوپن ٹینس ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔اس فتح کے ساتھ ہی نوویک جوکووچ اپنے کیریئر کے 388 ویں ہفتہ کا آغاز ٹاپ پوزیشن سے کریں گے اور ایک مرتبہ پھر کارلوس الکاراز سے مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن چھین لیں گے۔

میگا ایونٹ میں کامیابی کے بعد نوویک جوکووچ نے کہا کہ میں نے اپنی سات سال کی عمر میں خواب دیکھا تھا کہ میں ایک دن ومبلڈن جیتوں گا اور دنیا کا نمبر ون کھلاڑی بن سکوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا آج اس مقام پر کھڑا ہونا میرے لئے خوش قسمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی اس بڑی کامیابی پر بہت خوش ہوں اور مستقبل میں بھی اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کروں گا۔انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ بہتر مستقبل چاہتے ہیں تو آپ کو اسے بنا میں سخت محنت کرنا ہوگی اور آپ یہ کر سکتے ہیں۔نوویک جوکووچ کی جیت کے چند منٹ بعدہی کلے کورٹ کے بادشاہ سپین کے شہرہ آفاق کھلاڑی رافیل نڈال نے اپنے دیرینہ حریف کو خراج تحسین پیش کیا۔